بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افغانستان کی پناہ گاہیں دہشت گردی کی جڑ ، مؤثر کارروائی وقت کی ضرورت ہے: سینیٹر عرفان صدیقی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینیٹر عرفان صدیقی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج کی ذمہ داری ہے کہ ملک کے ہر شہری اور سرزمین کا تحفظ یقینی بنائے اور اب دہشت گردی کے خلاف جامع اور مؤثر اقدام وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پچھلے پینتالیس سال سے افغانستان کی صورتحال کی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے اور اس برداشت کی حد ختم ہو چکی ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے سوال اٹھایا کہ ہم کب تک یہ برداشت کرتے رہیں گے کہ دشمن ہمارے ہاں آ کر لاشیں گرائیں، خون بہائیں اور پھر آرام سے افغانستان کی پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔

ان کا مؤقف تھا کہ وقت آ چکا ہے نہ صرف دہشت گردوں کو ختم کیا جائے بلکہ ان کی پناہ گاہوں کو بھی نیست و نابود کرنا ہوگا۔ سینیٹر نے کہا کہ اس مشن میں پوری قوم کو پاک افواج کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا ہونا چاہیے تاکہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نازک صورتحال میں دہشت گردوں سے ہمدردی ظاہر کرنے یا سرکاری وسائل کے ذریعے سہولت کاری کرنے والوں سے یہ پوچھا جانا چاہیے کہ پاکستان نے ان کے ساتھ کیا ظلم کیا ہے، اور ایسے عناصر کی حمایت ناقابلِ قبول ہے۔