اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر ٹرمپ نے شرم الشیخ کے عالمی رہنماؤں کے جھرمٹ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو یاد کرکے پاکستان کے دشمنوں کے دلوں پر دھاک بٹھا دی،امریکی صدر نے اپنی تقریر سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف کو اظہار خیال کی دعوت دیدی ،مشرق وسطیٰ کے امن معاہدے پر دستخط پاکستان کا نام بار بار گونجتا رہا،شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو مرد امن قرار دیدیا،پاکستان کے وزیراعظم نے سب کچھ تو کہہ دیا ہے میں اس میں کیا اضافہ کروں،شہباز شریف نے قدآور عالمی رہنما ہونے کا باردگر ثبوت دیدیا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لئے صدر ٹرمپ کی خیر سگالی سے مودی سٹپٹا یا ہوگا جس نے گزشتہ ہفتے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان سے اپنی فوج پر حملے کا بدلہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ پیر کی شب بحیرہ احمر کی ساحلی تفریح گاہ شرم الشیخ میں مشرق وسطیٰ میں امن معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے بعد جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی رہنمائوں کے جھرمٹ میں کھڑے ہو کر پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عدم موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے اپنی تقریر میں انہیں توصیفی طور پر یاد کیا تو نہ صرف شرکا جن میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی شامل تھے داد دی بلکہ یہ باور کرادیا کہ وہ پاکستان کی مسلح افواج کی حکمت عملی اور بہادر سپہ سالار کے قرار واقعی طور پر گرویدہ ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ جو برطانوی وزیراعظم سراسٹارمر، اٹلی کی خاتون وزیراعظم جارجیا سیلون، کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی، فرانس کے صدر ایمنوئل میکرون، جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرک، انڈونیشا کے صدر ابو سو بیانتو، ہالینڈ کے وزیراعظم ڈک اسکوف، ترکی کے صدر طیب اردوان قطر کے امیر تمیم حماد الثانی سمیت متعدد عالمی رہنمائوں کے جلو میں کھڑے تھے کہ انہوں نے اچانک پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی تقریر سے پہلے دعوت خطاب دیدیا جو ان کے عقب میں کھڑے تھے۔ شہباز شریف نے اپنے فی البدیہہ خطاب کے ذریعے امریکی صدر کو مرد امن قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے نہ صرف پاکستان اور بھارت کی جنگ کو رکوا کر کروڑوں کی زندگی بچائی بلکہ دوسری سات جنگوں کواپنے انجام تک پہنچایا۔ امریکی صدر پاکستان کے وزیراعظم کے خطاب سے واضح طور پر متاثر ہوئے انہوں نے ایک سے زیادہ مرتبہ ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی تقریر کا آغاز اس بات سے کیا کہ وہ (شہباز شریف) سب کچھ تو کہہ گئے ہیں۔ امریکی صدر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لئے خیرسگالی کے جذبات بھی پہنچانے کے لئے پاکستان کے وزیراعظم سے کہا۔
مشرق وسطیٰ کے امن معاہدے پر دستخط، پاکستان کا نام بار بار گونجتا رہا
