پشاور (نیوزڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پشاور پہنچ گئے۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی آج نومنتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے ان کے عہدہ کا حلف لیں گے، حلف برداری تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں شام 4 بجے ہوگی۔
قبل ازیں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی سے حلف لینے کیلئے پشاور آ رہا ہوں، کبھی بھی حلف لینے سے انکار نہیں کیا، آئین کے مطابق معاملات چلانا میری ذمہ داری ہے، سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد مجھے ویسے بھی پشاور آنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا جو آئینی فرض ہے وہ ادا کروں گا، بلاول بھٹو سے کان میں ہونے والی باتیں آپ کو نہیں بتا سکتا۔
دوسری جانب گورنر ہاؤس پشاور میں تقریب حلف برداری کی تیاریاں جاری ہیں، آج سہیل آفریدی سے گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں حلف لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو آج شام چار بجے تک حلف لینے کا حکم دیا ہے، اور کہا کہ اگر گورنر دستیاب نہیں تو صوبائی اسمبلی کے سپیکر حلف لیں۔