بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف کا پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی اشتعال انگیزی پر اظہار تشویش

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے اشتعال انگیزی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے کرم سیکٹر میں کیا گیا حملہ پاک فوج نے بہادری سے ناکام بنا کر دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جو انتہائی قابلِ مذمت اور علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے عوام اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر اقدام کرے گا اور دشمن عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گا۔