صدر مملکت آصف علی زرداری سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق، فیلڈ مارشل نے صدر کو حالیہ سیکیورٹی چیلنجز پر بریفنگ دی، جس میں افغان سرحد پر پیش آنے والی اشتعال انگیز کارروائیوں اور ان کے جواب میں پاک فوج کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی گئی۔
فیلڈ مارشل نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے سرحد پار کی گئی جارحیت، اس سے پیدا ہونے والے سیکیورٹی خدشات، اور ان کے مقابلے میں پاکستانی افواج کی محتاط مگر مؤثر جوابی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا۔
صدر مملکت نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور سرحدوں کے تحفظ میں جرات مندانہ کردار کو سراہتے ہوئے افواج پاکستان پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
صدر زرداری نے افغان سرحد پر پیش آنے والے حملوں کا فوری اور مؤثر جواب دینے پر پاک فوج کی حکمت عملی اور تیاری کو خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ پاکستان کو اپنی افواج پر فخر ہے جو ہر حال میں قوم کے دفاع کے لیے تیار رہتی ہیں۔
صدر مملکت سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات، سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
