باجوڑ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب کے گھر پر دستی بم حملہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہو
باجوڑ میں وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے قبائلی امور اور رکن قومی اسمبلی مبارک زیب کے گھر پر ایک اور دستی بم حملہ ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ نامعلوم افراد کی جانب سے کیا گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دستی بم گھر کے باہر پھٹا، جس کے نتیجے میں پارکنگ میں کھڑی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ مبارک زیب کے گھر پر تیسرا حملہ ہے، جو سیکیورٹی کے حوالے سے ایک سنجیدہ خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ مبارک زیب باجوڑ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق کارکن ریحان زیب کے بھائی ہیں، جو گزشتہ سال فروری میں عام انتخابات کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ ان کی شہادت کے بعد حلقہ این اے باجوڑ 8 میں انتخابات ملتوی کر دیے گئے تھے۔
بعد ازاں، اپریل میں ہونے والے ضمنی انتخابات میںمبارک زیب نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کو حیران کن شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
مقامی ذرائع کے مطابق، حالیہ حملے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
باجوڑ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب کے گھر پر دستی بم حملہ
