بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مہمند میں فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، 50 تک ہلاکتیں

پاکستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی ایک اور کوشش سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں فتنہ الخوارج نے جنگ بندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر آپریشن کے ذریعے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران 45 سے 50 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، جب کہ متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا اور خوارج کی ایک بڑی تشکیل کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جب کہ فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔ فوج کی کارروائی سے علاقے میں ایک بڑی ممکنہ سیکیورٹی خطرے کو مؤثر طریقے سے ختم کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 13 سے 15 اکتوبر کے دوران سکیورٹی فورسز نے کئی کامیاب کارروائیاں کی تھیں، جن میں مجموعی طور پر 34 دہشتگرد مارے گئے تھے۔ ان کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے مختلف ٹھکانے تباہ کیے گئے اور کئی اہم افراد کو ہدف بنایا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں طالبان اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر پاکستان کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے بعد افغان طالبان کی درخواست پر شام 6 بجے سے 48 گھنٹوں کے لیے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ تاہم خوارج نے اس سیز فائر کو کمزوری سمجھتے ہوئے پاکستان میں گھسنے کی کوشش کی، جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا اور ملک کے داخلی امن کو مزید خطرے میں پڑنے سے بچا لیا۔