وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ کسی کو بھی ملکی حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے نام پر خون ریزی اور فتنہ و فساد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ فلسطینی امن کی وجہ سے خوشیاں منا رہے ہیں، جبکہ یہاں بعض عناصر حالات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا ایک اجتماعی مسئلہ تھا اور ساری دنیا نے اس پر احتجاج کیا۔ جب معاہدہ ہو چکا ہے تو پھر حالات کو خراب کرنے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، اور کسی کو بھی ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سردار محمد یوسف کا ملکی حالات خراب کرنے والوں کے خلاف سخت موقف








