بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹی ایل پی سے آخری وقت تک مذاکرات جاری رہے، ہر بار نئی شرائط سامنے آئیں: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے آخری لمحے تک مذاکرات جاری رہے، مگر ہر بار ان کی شرائط میں اضافہ ہوتا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لبیک یا رسول اللہ ﷺ صرف ایک جماعت کا نعرہ نہیں، یہ ہم سب کا ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ٹی ایل پی سے مسلسل کہا گیا کہ واپس چلے جائیں، کسی قسم کی کارروائی نہیں ہوگی، مگر ان کی ریلی کے مطالبات فلسطین سے زیادہ مخصوص افراد کی رہائی پر مرکوز تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی صرف ان عناصر کے خلاف کی گئی جنہوں نے اسلحہ اٹھایا اور تشدد کیا۔ان لوگوں نے گھروں اور مساجد کے میناروں پر پوزیشنیں سنبھال رکھی تھیں، جبکہ سڑکیں کھلوانے والوں کو سراہا جانا چاہیے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ جب فلسطینی جنگ بندی پر سجدہ شکر ادا کر رہے تھے، پاکستان میں پرتشدد احتجاج کیا گیا، اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، یہاں تک کہ ایک ایس ایچ او کو گاڑی سے نکال کر 21 گولیاں مار دی گئیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کا اجتماعی مسئلہ تھا، اب جب امن معاہدہ ہوچکا ہے تو احتجاج کا جواز باقی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی صرف ان مسلح جتھوں کے خلاف ہے، علما یا مدارس کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔
تمام وزرا نے اس بات پر زور دیا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، مگر ریاست کو کسی صورت قتل و غارت یا املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔