بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مذہبی جماعت کے پُرتشدد مظاہروں کے دوران نقصانات کی تفصیل جاری

پنجاب پولیس نے 2016 سے 2025 تک مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے پرتشدد مظاہروں کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیل جاری کر دی ہے۔ اس عرصے میں ٹی ایل پی کے احتجاجات کے دوران متعدد جانوں کا ضیاع ہوا اور وسیع پیمانے پر مالی نقصان بھی پہنچا۔
پولیس کے ریکارڈ کے مطابق، ٹی ایل پی کے مظاہرین کی کارروائیوں میں پنجاب بھر میں 11 پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں جبکہ پتھراؤ، ڈنڈوں کے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 1648 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ان زخمیوں میں سے 69 اہلکار مستقل معذور ہو گئے جبکہ 202 کی حالت شدید بتائی گئی ہے۔
اسی دوران مظاہرین کے تشدد کی بھینٹ 16 عام شہری بھی جاں بحق ہو گئے جبکہ 54 شہری شدید زخمی ہوئے۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران 97 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں اور 2 گاڑیاں جلائی گئیں۔ علاوہ ازیں، پولیس کی 10 عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، ٹی ایل پی کے پرتشدد مظاہرین کے خلاف 305 مقدمات انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت درج کیے گئے جبکہ 480 مقدمات دیگر دفعات کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔ مجموعی طور پر حالیہ کیسز میں 1529 نامزد ملزمان کے علاوہ 17 ہزار 812 نامعلوم افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
یہ اعداد و شمار پنجاب پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں اور ان کا مقصد اس بات کو اجاگر کرنا ہے کہ پرتشدد احتجاجات نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں بلکہ عام شہریوں کی زندگیوں اور ملک کی املاک کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی تاکہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔