واشنگٹن(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی کانگریس کے رکن اور فنانشل سروسز کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکہ معاشی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے مالیاتی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن، نئی معیشت کی ترقی، معدنیات کے شعبے میں شراکت داری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
وفاقی وزیرِ خزانہ اور امریکی کانگریس کے رکن نے پائیدار معاشی ترقی اور اختراعات پر مبنی شراکت داری کے فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔