پاکستانی نژاد سابق اداکارہ اریج فاطمہ نے حال ہی میں اپنے حجاب پر ہونے والی تنقید پر ناقدین کو کرارا جواب دیا اور غیر ضروری مشوروں سے دور رہنے کی ہدایت کی۔
اریج فاطمہ نے تیرے لیے، حسد، یارِ بے وفا، ایک پل، ہدایت اور عشق پرست جیسے مشہور ڈراموں میں کام کیا، شادی کے بعد شوبز سے کنارہ کش ہو کر امریکا میں اپنے شوہر اور دو بیٹوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں، وہ سوشل میڈیا پر مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں اور اپنی زندگی کے اہم لمحات شیئر کرتی ہیں۔
چند ماہ قبل اریج فاطمہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب حجاب لیتی ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی کینسر کی بیماری اور علاج میں کامیابی کے بارے میں بھی مداحوں کو آگاہ کیا تھا، جس پر شائقین نے ان کے حوصلے اور روحانی سفر کو سراہا۔
تاہم حال ہی میں اداکارہ نے بتایا کہ حجاب لینے کے بعد لوگ ان پر غیر ضروری تنقید اور نصیحتیں کرنے لگے ہیں۔
اریج نے کہا کہ بہت سے لوگ کہتے ہیں میں اپنی اسٹوریز پر کچھ نیا پوسٹ کروں، لیکن سچ کہوں تو زندگی میں کچھ نیا نہیں ہو رہا، جیسے ہی میں نے دوبارہ سوشل میڈیا استعمال کرنا شروع کیا اور سر ڈھانپنا شروع کیا، لوگوں کو لگا جیسے انہیں مجھے گائیڈ کرنے کا لائسنس مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں عام لڑکیوں کی طرح حجاب نہیں لیتی تھی تو زندگی آسان تھی، لیکن اب جب میں نے حجاب لینا شروع کیا ہے تو لوگ مجھے پیغام بھیج کر بتاتے ہیں کہ حجاب کے ساتھ کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں، یہ میرا ذاتی سفر ہے، براہ کرم غیر ضروری مشورے دینا بند کریں۔
اداکارہ کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کئی خواتین نے ان کی حمایت کی اور کہا کہ انہیں بھی حجاب لینے کے بعد اسی قسم کے غیر ضروری تبصروں اور تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔