میٹا نے تھریڈز میں گروپ چیٹس کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
اب اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے صارفین متعدد دوستوں سے بیک وقت چیٹ کرسکیں گے اور ہر ایک کو الگ الگ ڈائریکٹ میسجز بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
میٹا کے مطابق تھریڈز صارفین ایک نئے میسج کے ذریعے گروپ چیٹ کو تشکیل دے سکتے ہیں۔
اس گروپ چیٹ میں وہ 50 ایسے افراد کو ایڈ کرسکتے ہیں جو ان کو فالو کر رہے ہوں گے۔
گروپ چیٹ کا نام بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے تاکہ اس کے موضوع کا تعین ہوسکے۔
یہ سارا عمل فیس بک میسنجر کے گروپ میسجز جیسا ہی ہے۔
کمپنی کے مطابق گروپ چیٹ سپورٹ کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، مگر برطانیہ اور آسٹریلیا میں اسے پیش نہیں کیا جا رہا۔
میٹا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مستقبل میں تھریڈز صارفین کے لیے ان باکس منیجمنٹ ٹولز کو بہتر بنایا جائے گا اور وہ تھریڈز صارفین کو گروپ چیٹس کا حصہ بننے کی دعوت ایک لنک شیئر کرکے دے سکیں گے۔
گروپ میسجنگ کا فیچر اس وقت متعارف کرایا گیا ہے جب تھریڈز کی جانب سے ڈائریکٹ میسجز کا فیچر یورپی یونین میں پیش کیا جا رہا ہے۔