بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 8 خوارج ہلاک، اسلحہ و بارود برآمد

لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کامیاب آپریشن کے دوران 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی 16 اکتوبر کو کی گئی، جو دہشت گردی کے خلاف جاری قومی کوششوں میں ایک بڑی پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن اس وقت کیا گیا جب انٹیلیجنس رپورٹس میں افغان طالبان کی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔ خوارج کی نقل و حرکت کا سراغ ملنے پر فورسز نے سلطان خیل اور طوفان والا کے علاقوں میں فضائی و زمینی نگرانی کا دائرہ بڑھایا اور فوری ایکشن لیا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، جس سے ممکنہ بڑی تباہی کو بروقت روکا جا سکا۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی صرف ایک واقعہ تک محدود نہیں بلکہ گزشتہ چار دنوں کے دوران افغان سرزمین سے بھیجے گئے مجموعی طور پر 102 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ یہ اعداد و شمار دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو پہنچنے والے زبردست نقصان کی عکاسی کرتے ہیں۔
سیکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔