بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غربت کا خاتمے ترجیح ، نوجوانوں کیلئے روزگار اور تعلیم پر خصوصی توجہ،احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے غربت کے خاتمے کو اپنی ترقی کی ترجیحات میں سب سے اہم مقام دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کا مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں کوئی بھی فرد محرومی، بھوک یا مایوسی کا شکار نہ ہو۔
غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت نے ’’اڑان پاکستان‘‘ فریم ورک کے تحت پائیدار ترقی، سماجی انصاف اور خوشحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب معیشت مضبوط ہوتی ہے تو اس کے فائدے معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچتے ہیں، جس سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں، آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے اور غربت کم ہوتی ہے۔
وزیر نے خاص طور پر کہا کہ حکومت نے اپنی ترقیاتی حکمت عملی میں غریب اور کمزور طبقات کو مرکزی اہمیت دی ہے۔ نوجوانوں کو فنی اور تکنیکی مہارتیں سکھا کر انہیں باعزت روزگار کے قابل بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ خود کفیل اور عزت نفس کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔ ان کے مطابق، غربت کے خاتمے کی سب سے بڑی کنجی تعلیم اور ہنر ہے، اور حکومت نالج اکانومی پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی اور زرعی شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ معیشت میں پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔
آخر میں انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کر رہی ہے جہاں ہر فرد کو باعزت روزگار، معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات اور محفوظ مستقبل میسر ہو۔ ’’اڑان پاکستان‘‘ وژن کے ذریعے ہم سب مل کر ایک خوشحال، مضبوط اور باوقار پاکستان کی تعمیر کی راہ پر گامزن ہیں۔