بھارتی کرکٹ اسٹارز ویرات کوہلی اور روہت شرما نے ایک پاکستانی مداح کے لیے ایسا کام کیا کہ سوشل میڈیا پر سب کی داد سمیٹ لی۔ آسٹریلیا میں جاری ون ڈے سیریز کے لیے بھارتی ٹیم جب پرتھ پہنچی، تو ہوٹل کے باہر کئی مداح انتظار کر رہے تھے، جن میں کراچی سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان ساحل بھی شامل تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی ویرات کوہلی ہوٹل سے باہر نکلے، ساحل نے آٹوگراف کی خواہش ظاہر کی۔ کوہلی نے اپنا سامان بس میں رکھنے کے بعد فوراً مداح کے پاس جا کر اس کی رائل چیلنجرز بنگلورو کی شرٹ پر دستخط کیے۔
اسی لمحے ایک اور دل چھو لینے والا منظر سامنے آیا—روہت شرما، جو پہلے ہی ٹیم بس میں بیٹھ چکے تھے، ساحل کے اشارے پر دوبارہ نیچے اترے، نہ صرف آٹوگراف دیا بلکہ خوش دلی سے اس کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔
ساحل نے ویڈیو میں بتایاکہ میں ان سے پہلے بھی ایک بار مل چکا ہوں، لیکن آج کا لمحہ خاص تھا۔ کوہلی اور روہت دونوں میں اتنی عاجزی ہے کہ ایک بار بلانے پر بھی فوراً آ گئے۔ روہت بھائی تو بس میں بیٹھ چکے تھے، میں نے بس اشارہ کیا اور وہ میرے لیے نیچے آ گئے۔ یہ میرے لیے ناقابلِ یقین لمحہ تھا۔
یہ سادہ سا مگر دل کو چھو لینے والا واقعہ ثابت کرتا ہے کہ کھیل صرف میدان میں نہیں، دلوں میں بھی جیتا جاتا ہے۔
ویرات کوہلی اور روہت شرما نے پاکستانی مداح کا دل جیت لیا — آٹوگراف اور تصویر کا خواب پورا
