جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سمندری طوفان سینڈی سے متاثر ہونے والے بزرگ افراد میں دل کے امراض کا خطرہ طویل عرصے تک برقرار رہا۔
تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر ارناب گھوش نے بتایا کہ نیویارک میں طوفان کے دوران اسپتالوں میں بجلی بند ہونے اور علاج رک جانے سے مریضوں کی صحت بری طرح متاثر ہوئی، جس کے اثرات برسوں تک رہے۔
نتائج کے مطابق، نیو جرسی کے سیلاب زدہ علاقوں میں رہنے والوں میں دل کے دورے، فالج یا دل کی ناکامی کا خطرہ طوفان کے بعد 5 سال تک زیادہ رہا اور تقریباً ہر 20 میں سے 1 شخص متاثر ہوا۔
ڈاکٹر گھوش نے کہا کہ سیلاب، مالی نقصان اور رہائشی مشکلات جیسے دباؤ دل کی بیماریوں کو بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسپتالوں اور حکام کو قدرتی آفات کے دوران مریضوں کی طویل المدتی صحت کو بھی ترجیح دینی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق، موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید موسم کے واقعات بڑھ رہے ہیں، لہٰذا آفات سے نمٹنے کے منصوبوں میں طویل المدتی صحت کے خطرات کو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔