بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کی محبت میں سرکاری نوکری چھوڑنے والے سلیمان شاہ راشدی عمران خان کے بارے میں اب کیا کہتے ہیں؟

پی ٹی آئی کی محبت میں سول سروس چھوڑنے والے افسر سلیمان شاہ راشدی نے عمران خان پر ذاتی مفادات کی سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی جان، سیاسی مستقبل اور نسلوں پرانی پیپلز پارٹی سے وفاداری عمران خان کے لیے قربان کی، مگر آخرکار انہیں احساس ہوا کہ عمران خان کی جدوجہد صرف اپنے ذاتی اور خاندانی مفادات کے گرد گھومتی ہے۔

سلیمان شاہ راشدی نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کا اصل مقصد اقتدار میں واپسی کے لیے اسٹیبلشمنٹ پر دباؤ ڈالنا ہے اور اگر وہ کسی کو ساتھ نہ ملا سکیں تو دباؤ اور بیانیے کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان ایک خودپسند شخصیت ہیں جو اپنی سیاسی خواہشات کی خاطر ملک اور عوام کے مفادات کو بھی خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

سلیمان شاہ راشدی نے کہا کہ انہوں نے سول سروس سے استعفیٰ ضمیر کی آواز پر دیا تھا، ان کے مطابق ایسے فیصلے ہمیشہ سوچ سمجھ کر، مکمل شعور اور ذمہ داری کے ساتھ کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس سعید الزمان صدیقی، جسٹس وجیہ الدین احمد اور جسٹس ناصر اسلم زاہد نے بھی کبھی کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ اصولی بنیادوں پر استعفیٰ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ! انہیں اپنے استعفے پر ذرہ برابر بھی پشیمانی نہیں کیونکہ انہوں نے ایک اصول پر استعفیٰ دیا تھا کہ ریاست کو کبھی اپنے ہی عوام کے خلاف طاقت استعمال نہیں کرنی چاہیے۔

سلیمان شاہ راشدی نے کہا کہ وہ مطمئن ہیں کیونکہ انہوں نے ان پاکستانیوں کے لیے قربانی دی جن پر ریاستی جبر کیا گیا۔ تاہم ایک سال بعد انہیں یہ احساس ہوا کہ دراصل عمران خان ہی وہ شخص تھے جنہوں نے اپنی سیاسی خواہشات اور ذاتی مفادات کے لیے اپنے ہی کارکنوں کو ریاستی جبر کی آگ میں جھونکا۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی تمام تر توانائیاں اس بیانیے کو توڑنے میں صرف کریں گے جسے وہ عشقِ عمران قرار دیتے ہیں۔