بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سانحۂ کارساز: ملکی تاریخ کا ناقابلِ فراموش سانحہ — بلاول بھٹو زرداری

کراچی میں سانحۂ کارساز کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، بلاول بھٹو زرداری نے اس واقعے کو ملکی تاریخ کے عظیم سانحات میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج18 اکتوبر ہے، اور ہم ان وفادار کارکنوں کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے شہیدبینظیر بھٹو کے قافلے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے دہشت گردوں کے سامنے ہار نہیں مانی، وہ خطرات کے باوجود پاکستان واپس آئیں، عوام کے درمیان آئیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے شہید ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی اسی راستے پر چل رہی ہے، جس کی بنیاد بینظیر بھٹو نے رکھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحۂ کارساز نہ صرف ایک خونی واقعہ تھا بلکہ یہ وفاق کے خلاف ایک گہری سازش بھی تھی۔ اس سانحے کے کئی پہلو اب تک غیر شفاف ہیں، اور یہی بدقسمتی ملک کی سیاسی تاریخ کا حصہ بنتی رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ آج پیپلز پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی ہو رہا ہے جس میں اہم فیصلے اور مختلف معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی وزیراعظم سے حالیہ ملاقات بھی ہوئی ہے جس کی تفصیلات اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
دوسری جانب، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی سانحۂ کارساز کے موقع پر ایک پیغام میں شہیدبینظیر بھٹو اور دیگر جمہوریت کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے تمام تر خطرات کے باوجود وطن واپسی کا فیصلہ کیا، اور سانحۂ کارساز جیسے حملے کے بعد بھی اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی جانب سے زخمیوں کی عیادت اور لواحقین سے ملاقات اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف ایک باہمت رہنما تھیں بلکہ ایک انسان دوست شخصیت بھی تھیں۔
سانحۂ کارساز آج بھی پاکستانی عوام اور پیپلز پارٹی کے لیے قربانی، وفاداری اور جدوجہد کی علامت ہے، جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔