پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے دوحا میں مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے، جبکہ دوسرا مرحلہ کل دوبارہ قطر کے دارالحکومت میں منعقد ہوگا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں پاکستان کے وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی، جبکہ افغان وفد کی قیادت طالبان حکومت کے وزیر دفاع ملا یعقوب کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغان حکام کے سامنے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ افغان سرزمین پر کالعدم دہشت گرد گروپوں کی موجودگی ناقابلِ قبول ہے۔ پاکستان نے زور دیا کہ ٹی ٹی پی اور دیگر شدت پسند عناصر کی جانب سے ملک میں کی جانے والی دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہر حملے کا فوری، مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے ابتدائی مذاکرات میں دونوں فریقین کے درمیان دوحا مذاکرات کے دوران سیز فائر پر اتفاق ہوا تھا، جس کی مدت مذاکرات کے اختتام تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس سے قبل صرف 48 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی کی گئی تھی، جو گزشتہ شام 6 بجے ختم ہو گئی تھی۔
دوحا میں جاری یہ بات چیت خطے میں قیامِ امن اور سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، اور آئندہ دنوں میں ان مذاکرات کے نتائج پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔
دوحا میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل، دوسرا مرحلہ کل ہوگا
