آسٹریلیا نے فائنل میں بھارت کو دو ایک سے ہرا کر تیسری بار سلطان آف جوہر انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔
ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلے گئے 6 ملکی سلطان آف جوہر انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں فائنل مقابلہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہوا۔ جو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کے نام رہا۔
کھیل کے 13 ویں منٹ میں آسٹریلیا کے گروبیلار این نے پہلا گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم بھارت کے ایکا انمول نے 17 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کے لیے مخالف گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کرتی رہیں، لیکن کسی کو کامیابی نہ ملی۔
تاہم آخری لمحات میں 59 ویں منٹ پر گروبیلار این نے دوسرا گول داغ کر ٹیم کو دو ایک کی برتری دلا دی اور بھارت کا کھیل کے اختتام تک مقابلہ برابر کرنے سے روکے رکھا۔
ٹورنامنٹ کے دفاعی چیمپئن برطانیہ نے پاکستان کو 2-3 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی، جب کہ پانچویں پوزیشن کے میچ میں میزبان ملائیشیا نے نیوزی لینڈ کو 3-5 سے مات دی۔ پاکستان کے سفیان خان 9 گول کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر قرار پائے۔
آسٹریلیا نے بھارت کو ہرا کر سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا
