بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی آئی اے کی نجکاری: ریٹائرڈ ملازمین کے میڈیکل پر ڈیڈلاک برقرار، بولی کی تاریخ میں توسیع

اسلام آباد میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق، بالخصوص میڈیکل اور پنشن سہولیات، زیر بحث آئیں۔ اجلاس میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی، نجکاری کمیشن، اسٹیٹ لائف اور ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندے شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق، ریٹائرڈ ملازمین کے میڈیکل سہولیات کے معاملے پر ہولڈنگ کمپنی اور لیبر یونینز کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہو سکا، جس کے باعث ڈیڈلاک برقرار ہے۔ ہولڈنگ کمپنی نے تجویز دی کہ ریٹائرڈ ملازمین کو انشورنس کمپنی کے ذریعے میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاہم ملازمین کے نمائندوں نے اس تجویز پر تحریری تفصیلات مانگ لیں تاکہ اسے بہتر طور پر جانچا جا سکے۔
اجلاس میں ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ ہولڈنگ کمپنی نے درخواست کی کہ اس حساس معاملے پر حتمی فیصلہ آئندہ اجلاس تک مؤخر کیا جائے تاکہ مزید مشاورت کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، تاحال کسی حتمی حل تک نہ پہنچنے کے باعث نجکاری کے لیے شیڈول کی گئی بولی کی تاریخ 30 اکتوبر سے بڑھا کر 17 نومبر کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں ملازمین کے علاوہ مزید دو ممکنہ خریداروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے، جس سے اس عمل میں مقابلہ بڑھنے کا امکان ہے۔