صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 148 سے امیدوارچوہدری یونس جٹ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
چوہدری یونس نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ آج سے تحریک لبیک کی سیاست سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی ایسی سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتے جو تشدد، جلاؤ گھیراؤ یا عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر مبنی ہو۔
ان کا کہنا تھا،ملک کو اس وقت احتجاجی سیاست یا انتشار نہیں، بلکہ استحکام اور امن کی ضرورت ہے۔ جب ملک میں استحکام ہوگا، تو معیشت ترقی کرے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ دوسری جانب، لانگ مارچ کے بعد حکومتی رابطے شروع، ٹی ایل پی کے حالیہ لانگ مارچ کے بعد وفاقی حکومت نے تنظیماتِ اہل سنت کے رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے، جس پر علماء نے مذاکرات کے لیے ایک 13 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
اس مذاکراتی کمیٹی میں شامل اہم شخصیات درج ذیل ہیںصاحبزادہ حامد سعید کاظمی،صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر،پیر عبد الخالق، راغب نعیمی،ثروت اعجاز قادری،مفتی کریم خان،پیر نظام الدین سیالوی اور دیگر ممتاز علما بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق، دو روز کے اندر حکومت اور کمیٹی کے درمیان باقاعدہ مذاکرات کا آغاز متوقع ہے، جن میں موجودہ سیاسی تناؤ کو ختم کرنے اور پرامن حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں سیاسی اور مذہبی کشیدگی کے ماحول میں معتدل آوازوں کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔ چوہدری یونس جٹ کی علیحدگی اور علما کی مذاکراتی پیش رفت ایک مثبت سمت کی طرف اشارہ کر رہی ہے۔
پی پی 148 کے امیدوار چوہدری یونس جٹ کا تحریک لبیک سے علیحدگی کا اعلان








