انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے علیمہ خان کے تیسری مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی، مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
عدالت نے علیمہ خان کی عدم حاضری پر تیسری مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، عدالت نے علیمہ خان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے اور راولپنڈی پولیس کو حکم دیا علیمہ خان کو گرفتار کرکے 22 تاریخ کو پیش کریں۔
علیمہ خان کےعلاوہ مقدمے میں نامزد 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، استغاثہ کے پانچ گواہان بھی مال مقدمہ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی جائیداد کی دستاویزات کی تصدیق کیلئے ڈی سی راولپنڈی کو ہدایات جاری کردیں۔
سماعت سے قبل لیڈیز پولیس کی بڑی تعداد عدالت کے باہر تعینات تھی جب کہ پراسیکیوٹر نے کہا کہ علیمہ خان کی آج عدم حاضری پر ضمانت منسوخ کرنے کی کارروائی ہوگی۔
وکیل صفائی نے کہا کہ علیمہ خان کے غیر قانونی وارنٹ کے خلاف آج عدالت میں سخت موقف اپنائیں گے، علیمہ خان پر یکطرفہ فرد جرم کارروائی غیر قانونی ہے، دہشت گردی دفعہ چیلنج کر رکھی ہے، یہ درخواست سماعت کیلئے منظور ہے پھر فرد جرم کیسے لگائی۔