بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے شہر میں قائم غیر رجسٹرڈ قبرستانوں کے خلاف کمر کس لی۔ میئر کراچی کی ہدایت پر تمام قبرستانوں کی از سرِ نو رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے، اور غیر رجسٹرڈ قبرستانوں کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر قبرستان اقبال پرویز کے مطابق جن قبرستانوں کے ذمہ داران کی جانب سے نوٹس کا جواب موصول نہیں ہوگا، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں کے ایم سی کے ماتحت 38 رجسٹرڈ قبرستان ہیں، جب کہ غیر رجسٹرڈ قبرستانوں کی تعداد 200 سے زائد ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں ماہ کے دوران قبضہ مافیا کے زیرِ اثر قبرستانوں کے خلاف آپریشن بھی کیا جائے گا، اور ان جگہوں پر کے ایم سی کا کنٹرول بحال کیا جائے گا۔ قبرستانوں میں سرکاری فیس سے زیادہ رقم وصول کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ جواب نہ دینے کی صورت میں ایسے قبرستانوں کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تحویل میں لے لیا جائے گا تاکہ شہریوں کو منظم اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔
غیر رجسٹرڈ قبرستانوں کو کے ایم سی کے نوٹس، کارروائی کا عندیہ








