بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بینک صارفین ہوشیار!غلطی سے پیسے بھیجنے والا نیا فراڈ، اسٹیٹ بینک کی وارننگ

اگر آپ کو کسی اجنبی کی کال آئے اور وہ کہے کہ “غلطی سے آپ کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیج دیے ہیں”، تو فوراً خبردار ہو جائیں—یہ ایک نیا فراڈ ہے جس کا شکار ہر کوئی ہو سکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ اس قسم کی دھوکہ دہی کے واقعات میں تیزی آ رہی ہے، جس میں جعلساز خود کو مظلوم ظاہر کرکے یا دباؤ ڈال کر ایسی رقم واپس مانگتے ہیں جو درحقیقت کبھی آپ کے اکاؤنٹ میں آئی ہی نہیں ہوتی۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری ایک سوشل میڈیا پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک منظم طریقہ واردات ہے جس کا مقصد آپ سے دھوکے سے پیسے نکلوانا ہے۔ جعلساز آپ پر اس انداز سے دباؤ ڈالتے ہیں کہ آپ کو لگے جیسے واقعی انہوں نے کوئی غلطی کی ہے اور آپ کو ان کی مدد کرنی چاہیے، لیکن اصل میں وہ آپ کو اپنے ہی پیسے لوٹانے پر مجبور کر رہے ہوتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر کوئی کہے کہ غلطی سے پیسے ٹرانسفر ہو گئے ہیں تو سب سے پہلے اپنے بینک اکاؤنٹ کی ٹرانزیکشنز خود چیک کریں۔ کسی بھی قسم کی رقم واپس بھیجنے سے پہلے تصدیق ضرور کریں۔ اگر معاملہ مشکوک لگے تو فوری طور پرپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کی ہیلپ لائن25625 – 0800-پراطلاع دیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس طرح کی اسکیمز سے بچنے کے لیے عوام کو باشعور اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ جعلساز جدید طریقے اپنا کر لوگوں کی نیت اور ہمدردی کو اپنا ہتھیار بنا لیتے ہیں۔
اپنے پیسے اور معلومات کی حفاظت کریں — اور کسی نامعلوم شخص کی کال یا پیغام پر بغیر تحقیق کے عمل نہ کریں۔