بالی وُوڈ کی مستی بھری جوڑی، فرح خان اور جیکی شروف نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ صرف اسٹار نہیں بلکہ دل کے صاف اور گفتگو میں بے باک انسان ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ قہقہوں بھری گفتگو کوریوگرافر فرح خان کے کوکنگ ولاگ میں ہوئی جو نہ صرف کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئی بلکہ سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح وائرل ہوگئی۔
اپنی نوعیت کی اس دلچسپ اور طنز و مزاح سے بھرپور گفتگو سے سوشل میڈیا پر بھی ہنسی کا طوفان آگیا جب فرح نے جیکی دادا کو اُن کے 90 کی دہائی کا مشہور پولیو اشتہار یاد دلایا۔
جس میں جیکی شروف نے بازاری زبان میں گالی دینے کے انداز میں پولیو کے قطرے پلوانے کی اہمیت بتائی تھی۔
فرح خان نے جیکی شروف سے چھیڑ خانی کرتے ہوئے کہا کہ گالی دینے والے دل کے بہت صاف ہوتے ہیں۔
جیکی شروف بھی کچھ کم نہ تھے فوراً بول اُٹھے ایسا مت بولو ورنہ سب گالی دینے لگ جائیں گے اور الزام مجھ پر ڈال دیں گے۔
اس ولاگ میں جیکی دادا نے نہ صرف باتوں سے بلکہ اپنے ہاتھ سے کھانے پکا کر سب کے دل جیت لیے۔
یاد رہے کہ چار دہائیوں سے بالی ووڈ انڈسٹری میں دھوم مچانے والے جیکی شروف نے 13 زبانوں میں 250 سے زیادہ فلمیں کی ہیں۔