ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ٹی ایچ سی سی ایل) کی ذیلی کمپنی منسک ورک ٹریکٹر اینڈ اسمبلنگ لمیٹڈ (ایم ڈبلیو ٹی اے) بلوچستان میں بیلاروس ٹریکٹرز کو اسمبل کرے گی اور مقامی طور پر تیار کرے گی۔
نجی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پیر کو اسٹاک فائلنگ میں ٹی ایچ سی ای ایل نے بتایا کہ بیلاروس کی کمپنی او جے ایس سی ٹریکٹر ورکس کے ساتھ ایک خصوصی معاہدہ طے پا گیا ہے، جو پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ معاہدہ اس کی ذیلی کمپنی کے لیے ایک بڑی اسٹریٹجک پیش رفت ہے، اور توقع ہے کہ یہ ٹھٹہ سیمنٹ گروپ کے کاروباری پورٹ فولیو کی طویل المدتی ترقی اور تنوع پر مثبت اثر ڈالے گا۔
ایف سی ای پی ایل کا منافع بڑھ گیا
فریزلینڈ کمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ (ایف سی ای پی ایل) نے پیر کو رپورٹ کیا کہ سال 2025 کے پہلے 9 ماہ میں ٹیکس کے بعد منافع معمولی طور پر بڑھ کر 2 ارب 10 کروڑ روپے ہو گیا، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 2 ارب روپے تھا۔
مذکورہ مدت جو 30 ستمبر کو ختم ہوئی، اس عرصے میں خالص فروخت 2.8 فیصد کم ہو کر 80 ارب روپے رہ گئی، جو گزشتہ سال 82 ارب 50 کروڑ روپے تھی۔
پیک شدہ دودھ کی کیٹیگری میں گزشتہ سال 18 فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کے باعث کمی آئی، جب کہ فروزن ڈیزرٹ کیٹیگری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد قدر میں اضافہ دیکھا گیا۔