بولی ووڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان نے اس سال اپنی روایتی دیوالی پارٹی کو چھوڑتے ہوئے خاندانی انداز میں دیوالی کا جشن منایا۔
شاہ رخ نے اپنی اہلیہ گوری خان کی دیوالی پوجا کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے مداحوں کو دل سے دیوالی کی مبارکباد دی۔
شاہ رخ خان نے انسٹاگرام پر تصویر کے ساتھ کیپشن لکھا:
’ہیپی دیوالی! ماں لکشمی جی آپ سب کو خوشحالی اور خوشیاں عطا فرمائیں۔ سب کے لیے محبت، روشنی اور امن کی دعائیں۔‘
اس سال شاہ رخ خان نے اپنی رہائش منّت میں دیوالی کی مشہور پارٹی منعقد نہیں کی، جو عام طور پر بالی ووڈ کے لیے سب سے انتظار کی جانے والی تقریبات میں شامل ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق، منّت میں جاری تعمیراتی کام کی وجہ سے اس سال جشن سادہ اور خاندانی انداز میں منایا گیا۔
تصویر میں گوری خان کو پوجا کرتے ہوئے پیچھے سے دکھایا گیا ہے، جہاں چھوٹی سی مورتی پس منظر میں نظر آ رہی ہے، جس نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
مداحوں نے پوسٹ پر بھرپور ردعمل دیا اور تبصروں میں جذبات اور محبت کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے کہا کہ، ”اگر سیکولرازم کا چہرہ ہے تو وہ ایس آر کے ہے۔ ہیپی دیوالی!“
کسی نے کہا، ”بھارت کے سب سے سیکولر اداکار!“ تو کسی کا کہنا تھا، ”ہیپی دیوالی شاہ… آپ کی دیوالی آپ کی موجودگی کی طرح روشن اور خوبصورت ہو۔“
ایک صارف نے انہیں بڑی اسکرین پر جلد دیلکھنے کی بے تابی ظاہر کرتے ہوئے کہا، ”بڑے پردے پر آپ کو دیکھنے کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔“
کام کے محاذ پر شاہ رخ خان کو آخری بار راجکمار ہیرانی کی فلم ”ڈنکی“ میں دیکھا گیا۔ وہ اس وقت سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ”کنگ“ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ سہانہ خان، دیپیکا پڈوکون، ابیشیک بچن اور راگھو جویال شامل ہیں۔
فلم 2026 میں ریلیز ہونے والی ہے اور بھارتی سینما کے سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں شمار ہوتی ہے۔