بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کو ذمہ دار قیادت اور سنجیدہ سیاسی سوچ کی ضرورت ہے، وزیر مملکت برائے داخلہ

وزیر مملکت برائے داخلہ، طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت جن چیلنجز سے گزر رہا ہے، ان کے پیش نظر ہمیں ایسی قیادت اور سوچ کی ضرورت ہے جو بالغ نظری اور قومی مفاد کو ترجیح دے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی موجودہ قیادت اور مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (TLP) کے طرز سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک مزید غیر سنجیدہ اور جذباتی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے دی جانے والی بلٹ پروف گاڑیوں کو ناقص قرار دے کر واپس کر دیا، حالانکہ یہی گاڑیاں دیگر وزرا بھی استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بلٹ پروف گاڑی کی قیمت تقریباً 10 کروڑ روپے ہے اور یہ گاڑیاں وفاقی حکومت نے قومی وسائل سے فراہم کی تھیں، لیکن صوبائی حکومت نے انہیں سیاسی مسئلہ بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ کو گاڑیوں کا ماڈل پسند نہیں تھا تو وہ اپنی ذاتی گاڑی پیش کر دیتے۔ اس رویے سے نہ صرف پولیس کی صلاحیت متاثر ہوئی بلکہ ان کی حفاظت کو بھی خطرے میں ڈال دیا گیا، جبکہ خود وزیراعلیٰ بلٹ پروف گاڑی میں سفر کرتے ہیں۔
افغانستان سے بات چیت کے حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت کی تجاویز پر تبصرہ کرتے ہوئے طلال چوہدری نے واضح کیا کہ بین الاقوامی معاملات پر بات کرنا وفاق کا اختیار ہے، اور ایسی حساس باتوں پر صوبائی حکومت کو یکطرفہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو سنجیدگی سے چلانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات مل سکیں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا کے صحت کے نظام پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ ہمارے اسلام آباد کے اسپتالوں میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں کی بڑی تعداد خیبر پختونخوا سے ہوتی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں صحت کی سہولیات ناکافی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جسے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، وہ اسے عوام کی خدمت میں استعمال کرے۔