فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے تحت کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ پشاور نے غیر قانونی تجارت کے خلاف ایک اہم کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں غیر ملکی سگریٹس کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف بی آر کے مطابق، چیف کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کسٹمز ٹیموں نے اسمگلنگ کے خلاف مربوط اور منظم مہم شروع کی، جس کے نتیجے میں رواں مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایک کروڑ 82 لاکھ 75 ہزار ایک سو غیر ملکی سگریٹس ضبط کی گئیں۔ ان سگریٹس کی مالیت تقریباً 15 کروڑ 49 لاکھ روپے بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پچھلے سال اسی عرصے کے دوران کسٹمز نے ایک کروڑ 41 لاکھ 14 ہزار 400 سگریٹس ضبط کیے تھے، جن کی کل مالیت تقریباً 9 کروڑ 70 لاکھ 40 ہزار روپے تھی۔ اس کے مقابلے میں رواں سال ضبط کی گئی سگریٹس کی مالیت میں 60 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو اسمگلنگ کے خلاف کی گئی مؤثر کارروائیوں کا ثبوت ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ ریاستی محصولات کا تحفظ کیا جا سکے اور منڈی میں غیر قانونی اشیاء کی ترسیل روکی جا سکے۔
پشاور کسٹمز کی بڑی کارروائی، غیر ملکی سگریٹس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام








