پاکستان کی چار رکنی قومی ایتھلیٹکس ٹیم تیسری ایشین یوتھ گیمز میں شرکت کے لیے لاہور سے بحرین روانہ ہوگئی ہے۔ ٹیم دبئی کے راستے بحرین پہنچے گی جہاں گیمز کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا اور یہ مقابلے 31 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
ٹیم میں تین مرد ایتھلیٹس غلام مرتضیٰ، محمد بہرام خان، محمد حسین فیض اور ایک خاتون ایتھلیٹ اقرا ریاض شامل ہیں، جب کہ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سیمی رضوی انجام دے رہی ہیں۔
قومی ٹیم کی کوچ سیمی رضوی نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہکھلاڑی پوری تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں اور انشاءاللہ وہ میدان میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اس ایونٹ میں شرکت نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر سیکھنے کا ایک قیمتی موقع ہے۔ ہمیں پوری قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔
ادھرساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئرمین اور ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر، میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی، اورپاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر، بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں اور کامیابی کی دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی ایتھلیٹس کی شرکت نہ صرف ملک کی نمائندگی کا اعزاز ہے بلکہ یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی بنیاد بھی بن سکتی ہے۔
قومی ایتھلیٹکس ٹیم ایشین یوتھ گیمز میں شرکت کے لیے بحرین روانہ
