بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سندھ میں ڈینگی کے وار جاری، کیسز کی تعداد 920 تک جا پہنچی

سندھ بھر میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جب کہ کراچی ڈویژن سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ بن کر سامنے آیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں سال 2025 میں اب تک ڈینگی کے920 مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن میں صرف اکتوبر کے مہینے میں 276 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کراچی میں صورتحال سنگین:
اعداد و شمار کے مطابق ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ کراچی ہے، جہاں 124 کیسز رپورٹ ہوئے۔ دیگر شہروں میں حیدرآباد سے 82، میرپورخاص سے 58، سکھر سے 9، شہید بینظیرآباد سے 2 اور لاڑکانہ سے 1 کیس سامنے آیا ہے۔
انسدادِ ڈینگی مہم تیز:
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے انسدادِ ڈینگی اقدامات کو مزید تیز کر دیا ہے۔ تمام اضلاع میںاسپرے، فاؤگنگ اورنکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہاہم نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی صحت افسران کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی علاقے میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے، کیونکہ یہی مچھر کی افزائش کا سب سے بڑا ذریعہ بنتا ہے۔
سرکاری اسپتالوں میں خصوصی انتظامات:
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیےالگ یونٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاںمفت علاج اور ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی:
اپنے گھروں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں، چھتوں، گملوں اور صحن میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔ مچھر سے بچاؤ کے اسپرے استعمال کریں، اور اگر بخار ہو تو فوراً قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔ ڈینگی ایک قابلِ علاج مرض ہے، اگر ہم سب مل کر احتیاط کریں تو اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
مانیٹرنگ کا عمل جاری
وزیر صحت نے یقین دہانی کرائی کہ ڈینگی مانیٹرنگ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے رہی ہیں اورصورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔