پنجاب میں اسموگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظرمحکمہ بلدیات نے اینٹی اسموگ آپریشن میں مزید تیزی لاتے ہوئے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کے دوران ماحول کو آلودہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
کوڑا جلانے والوں پر مقدمات، بھاری جرمانے،محکمے کی رپورٹ کے مطابق کوڑا کرکٹ جلانے پر 49 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں، جب کہ اس عمل میں ملوث افراد پر مجموعی طور پر 11 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
تجاوزات اور درختوں کی کٹائی پر بھی کارروائی،اینٹی اسموگ مہم کے تحت تجاوزات قائم کرنے والے 25 ہزار 532 افراد پر 32 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زیادہ کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح درخت کاٹنے والے تقریباً 2 ہزار افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ، روزانہ کی بنیاد پر عمل جاری،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں کے مطابق پنجاب بھر میں سڑکوں پرروزانہ کی بنیاد پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ گرد و غبار کم ہو اور اسموگ کی شدت میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا،ریت، مٹی یا تعمیراتی سامان کی ٹرالیاں اگر بغیر ترپال کے سڑکوں پر لائی جائیں گی تو ان کے خلاف بھی سخت کارروائی ہو گی۔ بلدیاتی ادارے فیلڈ میں مکمل متحرک ہیں، اور اسموگ کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
شکیل احمد میاں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کوڑا کرکٹ نہ جلائیں، صفائی کا خیال رکھیں اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف حکومتی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اسموگ جیسے خطرناک مسئلے پر قابو پائیں۔
پنجاب میں اینٹی اسموگ مہم میں تیزی، لاکھوں روپے کے جرمانے اور درجنوں مقدمات درج








