قومی ایئرلائن پی آئی اے کو اندرون و بیرون ملک پرندوں سے جہازوں کے ٹکرانے کے بڑھتے واقعات نے شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ رواں سال صرف نو ماہ میں 90 مرتبہ پرندے طیاروں سے ٹکرائے، جس سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان اور فضائی آپریشن میں شدید خلل کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور ایئرپورٹ ان واقعات میں سرفہرست رہا، جبکہ اسلام آباد، ملتان، کراچی، پشاور اور دیگر شہروں کے ہوائی اڈے بھی متاثر ہوئے۔
حادثات کے نتیجے میں بوئنگ 777، ایئر بس A320 اور اے ٹی آر طیاروں کو نقصان پہنچا، چند کو گراؤنڈ بھی کر دیا گیا۔ ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق پرندوں سے بچاؤ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے تحت سسٹم نصب کیا جا رہا ہے اور حکومتِ پنجاب کے تعاون سے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری ہیں۔ ماہرین کے مطابق ہوائی اڈوں کے اطراف موجود آبادی، کھانے پینے کے مراکز اور پرندوں کی افزائش کے مقامات اس بڑھتی ہوئی پریشانی کی بڑی وجہ ہیں۔
پی آئی اے کی پروازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ








