وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو زیتون کی پیداوار میں خودکفیل بنانا ہوگا کیونکہ یہ نہ صرف کسانوں کی آمدنی بڑھانے کا ذریعہ بن سکتا ہے بلکہ قومی معیشت کو بھی مضبوط بنا سکتا ہے۔
اسلام آباد میں دوسری اولیو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زیتون کا تیل پاکستان کا ایک مؤثر برآمدی برانڈ بن سکتا ہے۔ حکومت کسانوں کو زیتون کی جدید کاشتکاری کی تربیت فراہم کرے گی تاکہ وہ اس شعبے میں بہتر پیداوار حاصل کر سکیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ زیتون کے شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت خوش آئند ہے اورسرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اس شعبے کو تیزی سے ترقی دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ فوڈ سیفٹی ہماری قومی ترجیح ہے اور وزارت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے تاکہ محفوظ اور پائیدار خوراک کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم زیتون کو پاکستان کی نئی شناخت بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
زیتون کی پیداوار میں خودکفالت قومی معیشت کے لیے ضروری ہے، رانا تنویر حسین








