بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امارات کا مشہور ‘بھوتوں والا محل فروخت کے لیے پیش ، قیمت 2 کروڑ 50 لاکھ درہم

متحدہ عرب امارات میں برسوں سے جنات، بھوتوں اور پراسرار کہانیوں کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والا القاسمی محل اب فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
یہ شاندار چار منزلہ محل 1985 میں مرحوم شیخ عبدالعزیز بن حمید القاسمی نے تعمیر کروایا تھا۔ 20 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا یہ محل 35 کمروں پر مشتمل ہے۔ اس کی تعمیر میں اسلامی، مراکشی، فارسی اور بھارتی طرزِ تعمیر کی جھلک نمایاں ہے، جبکہ اندرونی تزئین و آرائش میں فرانس اور بیلجیئم سے درآمد کیے گئے فانوس، اعلیٰ معیار کا سنگ مرمر اور شیشے کا اہرام نما گنبد شامل ہیں۔
محل کی خوبصورتی دیکھنے والوں کو جہاں حیران کرتی ہے، وہیں اس سے جڑی پراسرار کہانیاں ایک عجیب سا خوف بھی پیدا کرتی ہیں۔ مقامی لوگ برسوں سے اس عمارت سے متعلق ایسی کہانیاں سناتے آئے ہیں جن میں جنات، جھلملاتی روشنیاں اور سائے شامل ہیں، یہی وجہ ہے کہ اسے ’بھوتوں والا محل‘ کہا جانے لگا۔
دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ شیخ عبدالعزیز خود کبھی اس محل میں نہیں رہے۔ ان کے خاندان نے محل میں مجسموں اور تصویروں کی موجودگی پر اعتراض کیا، جس کے بعد عمارت خالی چھوڑ دی گئی۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس محل کے آسیب زدہ ہونے کی افواہیں پھیلتی گئیں، اور کہا جاتا ہے کہ محل کے قریب موجود ایک درخت، جہاں مبینہ طور پر جنات کا بسیرا تھا، جب کاٹا گیا تو محل میں عجیب و غریب واقعات رونما ہونے لگے۔
محل کے موجودہ مالک نے تصدیق کی ہے کہ یہ عمارت 2 کروڑ 50 لاکھ درہم میں فروخت کے لیے پیش کی گئی ہے، تاہم شرط رکھی گئی ہے کہ خریدار صرف اماراتی شہری ہونا چاہیے۔