بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غزہ میں انسانی المیہ سنگین تر ہوتا جا رہا ہے، اسرائیل فوری راہداری کھولے، صدر ایمانویل میکرون

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے غزہ میں بڑھتی ہوئی انسانی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر امدادی راہداری کھولے تاکہ لاکھوں فلسطینیوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔
سلووینیا کے وزیر اعظم کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، فرانسیسی صدر نے کہایہ اب صرف ایک مطالبہ نہیں، انسانیت کی پکار ہے۔ سرحدوں پر خوراک کے ٹرک موجود ہیں، لیکن غزہ کے اندر معصوم بچے بھوک سے تڑپ رہے ہیں۔ یہ قابلِ قبول نہیں۔میکرون نے زور دیا کہ جنگ بندی کے بعد بھی غزہ میں حالات بدستور انتہائی نازک ہیں۔
ہم اپنے یورپی، عرب اور امریکی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ انسانی امداد، خوراک اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے راستے فوری طور پر کھولے جائیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فرانس، فلسطینی عوام تک امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن سفارتی اور عملی اقدامات کا حصہ بنا رہے گا۔
فرانسیسی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ کے عوام ایک طویل جنگ، بھوک، اور محاصرے کے نتیجے میں بدترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں، اور اب وقت آ چکا ہے کہ عالمی برادری اس صورتِ حال کا فوری اور فیصلہ کن نوٹس لے۔
یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی امدادی تنظیمیں پہلے ہی خبردار کر چکی ہیں کہ غزہ میں امدادی سامان تقریباً ختم ہو چکا ہے، اور اگر فوری طور پر راہداری نہ کھولی گئی تو ہزاروں معصوم زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔