بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان بیس بال فیڈریشن کے سیکرٹری سید فخر شاہ پر غیر معینہ مدت کی پابندی عائد

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے بیس بال فیڈریشن آف پاکستان کے سیکرٹری سید فخر شاہ پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ان پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی لگا دی ہے۔
پی ایس بی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، سید فخر شاہ بارہا اسپورٹس بورڈ کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، جس کی بناء پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ بغیر این او سی (NOC) کے کوئی بھی کھلاڑی یا آفیشل ملک سے باہر کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکتا، تاہم فخر شاہ نے اس قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹیموں کی بیرونِ ملک روانگی میں نہ صرف سہولت فراہم کی بلکہ اس کے لیے پی ایس بی سے اجازت بھی نہیں لی۔
مزید انکشاف کیا گیا کہ پاکستان بیس بال فیڈریشن نے اگست میں ملائیشیا اور چائنیز تائی پے میں ہونے والی تقریبات میں شرکت کی، اور اس دوران وزارتِ خارجہ کا جعلی این او سی پیش کیا گیا۔ اس معاملے پر فخر شاہ کو 9 ستمبر کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا، مگر ان کا جواب پی ایس بی کے مطابق غیر تسلی بخش رہا۔
نتیجتاً، سید فخر شاہ اب کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری کھیلوں کی سرگرمی میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے۔ البتہ، پی ایس بی کا کہنا ہے کہ انہیں 30 دن کے اندر اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔