بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پروٹیز کا شاندار کم بیک: آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کے خلاف 28 سال پرانی تاریخ دہرادی

راولپنڈی: ٹیسٹ سیریز کے تیسرے روز جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ایک شاندار کم بیک کرتے ہوئے نہ صرف پہلی اننگز میں برتری حاصل کی بلکہ 28 سال پرانا تاریخی لمحہ بھی تازہ کر دیا۔
پاکستان کی پہلی اننگز کے 333 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم مشکل میں دکھائی دی جب محض 235 رنز پر اس کی 8 وکٹیں پویلین لوٹ چکی تھیں۔ ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان واضح برتری حاصل کرے گا، مگر پروٹیز کے ٹیل اینڈرز نے حالات کا رخ پلٹ دیا۔
سینورن متھوسوامے اور کیشو مہاراج نے نہ صرف وکٹ کو سنبھالا بلکہ 71 قیمتی رنز کی شراکت قائم کی۔ اس کے بعد متھوسوامے نے کگیسو ربادا کے ساتھ مل کر مزید 98 رنز جوڑ دیے۔ ربادا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے اور بالآخر آصف آفریدی کا چھٹا شکار بنے، جبکہ متھوسوامے 89 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پوری ٹیم کا مجموعہ 404 رنز تک جا پہنچا، اور یوں جنوبی افریقا نے پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل کرلی — ایک ایسا لمحہ جو کئی مداحوں کو 1997 کا تاریخی ٹیسٹ یاد دلا گیا۔
یاد رہے کہ اسی طرح کا کارنامہ جنوبی افریقا نے 1997 میں جوہانسبرگ ٹیسٹ میں انجام دیا تھا، جب 8 وکٹیں گرنے کے باوجود انہوں نے پاکستان کے خلاف 198 رنز کا اضافہ کیا تھا۔
پنڈی ٹیسٹ کی اس شاندار واپسی نے نہ صرف میچ کا رنگ بدل دیا بلکہ پروٹیز کی فائٹنگ اسپرٹ کا بھی منہ بولتا ثبوت پیش کیا۔