بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فلسطین کے عوام پاکستانی بھائیوں کا خلوص اور حمایت کبھی نہیں بھولیں گے، سفیر ڈاکٹر زوہیر

پاکستان میں فلسطین کے سفیر، ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید نے کہا ہے کہ فلسطین کے عوام پاکستانی بہن بھائیوں کی بے لوث مدد، اخوت اور جذبے کو ہمیشہ اپنے دلوں میں زندہ رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دن اب دور نہیں جب فلسطین، جو مقدس مقامات کی سرزمین ہے، آزاد ہوگا۔
یہ بات انہوں نے وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں اقوامِ متحدہ کے دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں طلبہ، اساتذہ اور سفارتی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈاکٹر زوہیر نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے شدید افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ “نیتن یاہو معصوم بچوں اور خواتین کو قتل کرتا رہا، مگر عالمی طاقتیں اور اقوامِ متحدہ خاموش تماشائی بنی رہیں۔” انہوں نے اقوامِ متحدہ کے نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “ویٹو پاور نے اس ادارے کو بے اثر بنا دیا ہے، جو مظلوموں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین صرف ایک زمین کا ٹکڑا نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کے روحانی جذبات کا مرکز ہے۔ “پاکستان نے ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہو کر جس بھائی چارے اور محبت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ فلسطینی عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔” اس موقع پر حاضرین نے فلسطین اور پاکستان کے تعلقات پر جذباتی انداز میں کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔
تقریب سے آزاد کشمیر کے سابق صدر اور سفیر مسعود خان، اور سابق سفیر سید ابرار حسین نے بھی خطاب کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقوامِ متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ طاقتور ملکوں کے مفادات کا محافظ بن چکا ہے اور دنیا کے اصل مسائل حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
شعبہ بین الاقوامی تعلقات اور ماس کمیونیکیشن کے سربراہ ڈاکٹر فیصل جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی سفیر اور دیگر سفارتی شخصیات کی یونیورسٹی آمد طلبہ کے لیے نہایت خوش قسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نوجوان صرف تعلیم ہی نہ حاصل کریں بلکہ دنیا کو بہتر انداز میں سمجھنے اور معاشرے کی فکری قیادت کے لیے بھی تیار ہوں۔