کراچی کے ثانوی تعلیمی بورڈ نے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2025 کے سائنس اور جنرل گروپ (ریگولر و پرائیویٹ) کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ نتائج کا باضابطہ اعلان چیئرمین بورڈ غلام حسین سوہو نے کیا، جبکہ اس موقع پر ناظم امتحانات ڈاکٹر حمزو خان تگڑ اور رزلٹ کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ سائنس گروپ میں مجموعی طور پر 1,77,660 طلباء و طالبات نے رجسٹریشن کرائی جن میں سے 1,75,511 نے امتحانات میں شرکت کی، جبکہ 2,149 امیدوار غیر حاضر رہے۔ اس گروپ میں 1,37,350 طلباء و طالبات تمام پرچوں میں کامیاب قرار پائے، اور کامیابی کا مجموعی تناسب 78.26 فیصد رہا۔ دوسری جانب جنرل گروپ ریگولر میں 15,954 طلباء نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 14,984 نے امتحان دیا جبکہ 970 غیر حاضر رہے۔ اس گروپ میں مختلف پرچوں میں کامیاب ہونے والے طلباء کی مجموعی کامیابی کا تناسب 57.17 فیصد رہا۔ جنرل گروپ پرائیویٹ میں 5,046 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 4,689 نے امتحان میں حصہ لیا اور 357 امیدوار غیر حاضر رہے۔ اس گروپ میں ساتوں پرچوں میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد 2,263 رہی اور مجموعی کامیابی کا تناسب 48.26 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ریگولر اور پرائیویٹ جنرل گروپ کو ملا کر اوسط کامیابی کا تناسب 54.38 فیصد بنتا ہے۔ بورڈ انتظامیہ کے مطابق نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ [www.bsek.edu.pk](http://www.bsek.edu.pk) پر دستیاب ہیں، جہاں طلباء اپنے رول نمبر کے ذریعے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔
کراچی میں نویں جماعت سائنس و جنرل گروپ کے سالانہ نتائج 2025 کا اعلان
