کراچی میں منعقد ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کے اخراجات منظور شدہ بجٹ 52 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے انعقاد میں تاخیر اور افتتاحی و اختتامی تقریبات کے رنگا رنگ انتظامات کے باعث اخراجات میں غیر متوقع اضافہ ہوا ہے۔ ان اضافی اخراجات کے جائزے اور بجٹ کی منظوری کے لیے بدھ کے روز ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد خان بخش مہر کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد نیشنل گیمز کو شایانِ شان انداز میں منعقد کرنا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے، اور اُمید ہے کہ صوبے کو 18 سال بعد ملی اس میزبانی کے موقع پر اضافی بجٹ کی بھی منظوری مل جائے گی۔
یاد رہے کہ 35ویں نیشنل گیمز کا انعقاد ابتدائی طور پر رواں سال مئی میں ہونا تھا۔ تاہم، شہر میں شدید گرمی کے باعث، تمام تر تیاریوں اور ٹیموں کی تشکیل کے باوجود گیمز ملتوی کر دیے گئے تھے، جس سے اخراجات میں مزید اضافہ ہوا۔
نیشنل گیمز کا بجٹ 52 کروڑ سے تجاوز کرگیا، اضافی اخراجات پر اہم اجلاس طلب
