ابو ظہبی : کرکٹ کا تیز ترین فارمیٹ ایک بار پھر شائقین کے جوش و خروش کے ساتھ میدان میں واپس آ رہا ہے۔ ابو ظہبی ٹی 10 لیگ کا نواں ایڈیشن 18 سے 30 نومبر 2025 تک زاید کرکٹ اسٹیڈیم، ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا، جس میں دنیا بھر کے مایہ ناز کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔لیگ میں 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہوں نے بین الاقوامی اسٹارز اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل متوازن اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔ ایونٹ میں اس بار ہربھجن سنگھ، کیرون پولارڈ، آندرے رسل، شمرون ہیٹمائر، پیوش چاولہ، فاف ڈو پلیسی اور دیگر بڑے نام ایکشن میں ہوں گے۔اجمان ٹائٹنز نے اس سال اپنے اسکواڈ میں بھارت کے عالمی کپ جیتنے والے اسپنر پیوش چاولہ کو شامل کیا ہے، جب کہ مؤین علی، ریلی روسو اور الیکس ہیلز بیٹنگ لائن کو مضبوط بنائیں گے۔ ٹیم کو ایونٹ کی مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔ایسپن اسٹالینز کی جانب سے سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ ایک بار پھر ٹی 10 کرکٹ میں جلوہ گر ہوں گے۔ ان کے ساتھ سیم بلنگز، ٹائمل ملز اور آندرے فلیچر جیسے کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ ہیں، جو اسے ایک متوازن اسکواڈ بناتے ہیں۔ڈیکن گلیڈی ایٹرز کے پاس ایونٹ کی سب سے دھماکا خیز بیٹنگ لائن اپ موجود ہے، جس میں نکولس پورن، آندرے رسل اور مارکس اسٹوئنس شامل ہیں۔ تجربہ کار آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے بھی ٹیم کو بیلنس فراہم کریں گے۔دہلی بلز کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کریں گے جبکہ سنیل نارائن، ٹم ڈیوڈ، روومن پاول اور فل سالٹ ٹیم کے دیگر اہم کھلاڑی ہوں گے۔ بلز کو ایونٹ کی خطرناک ترین ٹیموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔نادرن واریئرز کے اسکواڈ میں شمرون ہیٹمائر، ٹرینٹ بولٹ، تبریز شمسی اور دنییش چندیمل شامل ہیں، جب کہ نئی ٹیم کوئٹہ کیولری نے لیام لیونگ اسٹون، جیسن ہولڈر، محمد عامر، سکندر رضا اور عمران طاہر جیسے اسٹارز کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔رائل چیمپس کے پاس بھی ایک مضبوط ٹیم موجود ہے جس میں جیسن رائے، اینجلو میتھیوز، شکیب الحسن اور کرس جورڈن جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔دوسری جانب وسٹا رائیڈرز کی قیادت فاف ڈو پلیسی کریں گے جبکہ ٹیم میں میٹھیو ویڈ اور ایس سری سانتھ بھی شامل ہوں گے۔شاجی الملک، چیئرمین ملک ہولڈنگز اور ٹی 10 گلوبل اسپورٹس نے کہا کہ “اس سال تمام ٹیموں نے اپنے اسکواڈ بہت سوچ سمجھ کر تشکیل دیے ہیں۔ دنیا کے بہترین کرکٹرز کے ایکشن میں آنے سے یہ ایڈیشن انتہائی دلچسپ ہوگا۔ ہمارا مقصد شائقین کو کرکٹ کا سب سے تفریحی انداز پیش کرنا ہے۔”ابو ظہبی ٹی 10 لیگ کا یہ ایڈیشن ایکشن، تفریح اور کرکٹ کے شائقین کے لیے یادگار لمحات سے بھرپور ہوگا، جہاں دنیا کے بڑے اسٹارز صرف 10 اوورز کے مقابلوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔