راولپنڈی(نیوز رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرنے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر علیمہ خان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک اور تمام بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت علیمہ خان عدالت سے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرنے کے باوجود پیش نہ ہوئیں، عدالت نے ملزمہ علیمہ خان کے ضامن کی پراپرٹی بحق سرکار قرق کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ڈی جی نادرا اور ڈی جی پاسپورٹ کو علیمہ خان کا قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے گورنر اسٹیٹ بینک کو علیمہ خان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزمہ ہر جگہ موجود ہوتی ہے، عدالت پیش نہیں ہوتی، ملزمہ کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت پیر 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے ایس پی راول ڈویژن سعد ارشد اور ڈی ایس پی نعیم کو جعلی رپورٹ جمع کرانے پر شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں توہینِ عدالت کے الزام میں ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔عدالت نے ریمارکس میں کہا تھا کہ کہ پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ علیمہ خان ’چھپ گئی ہیں‘، جبکہ وہ اڈیالہ جیل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دیکھی گئی ہیں۔عدالت نے ان کے ضامن کے مچلکے ضبط کر لیے تھے اور علیمہ خان کو 10 لاکھ روپے کے نئے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی، عدالت نے کیس میں شامل 4 گاڑیوں کے ضامنوں کے مچلکے بھی ضبط کر لیے تھے۔20 اکتوبر کو بھی جج امجد علی شاہ نے مسلسل غیر حاضری پر علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔اس سے قبل، 14 اکتوبر کو بھی عدالت نے عدم حاضری پر علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے تھانہ صدیق آباد پولیس کو حکم دیا تھا کہ وہ علیمہ خان کو 15 اکتوبر تک گرفتار کر کے پیش کرے۔









