تائیوان(ویب ڈیسک)تائیوان میں منعقدہ سالانہ ٹیکنالوجی نمائش میں اس سال مصنوعی ذہانت اور جدت کے موضوعات نمایاں رہے، میلے میں جدید خودکار روبوٹ، ہوائی ڈرونز اور ذہین نظام شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔ٹیکنالوجی نمائش میں تین سو سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی اور اپنی جدید ایجادات پیش کیں، مصنوعی ذہانت میں جدت اب کے عنوان کے تحت روبوٹ سازی، خودکار نگرانی اور اعداد و شمار کے تحفظ جیسے جدید شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ایکسپو میں پیش کئے گئے ورچوئل کارز، روبوٹس اور ڈرون سسٹمز شرکاء کے لیے غیر معمولی کشش کا باعث بنے، جدید روبوٹس اور اوتارز ایسے نظام سے لیس ہیں جو 24 گھنٹے بلا تعطل معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ماہرین کے مطابق جدید مصنوعی ذہانت کے نظام نہ صرف انسانی انداز میں گفتگو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ فوری ردِعمل دینے میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھا رہے ہیں، روبوٹ میں انسانوں کی زبان کو سمجھنے اور اس کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت بھی شامل کی گئی ہے، جو انہیں مزید مؤثر بناتی ہے۔ماہرین کے مطابق تائیوان میں منعقد ہونے والی یہ نمائش ایشیا میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹ سازی کے شعبے میں تیز رفتار ترقی کا واضح ثبوت ہے۔









