بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی نژاد آسٹریلوی شہری پر مبینہ پولیس تشدد، تحقیقات جاری

لاہور میں ایک پاکستانی نژاد آسٹریلوی شہری خواجہ ذیشان نے پولیس پر مبینہ تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔ متاثرہ شہری کے مطابق اس کے چہرے، ہاتھوں اور ٹانگوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔
خواجہ ذیشان نے تھانہ ٹبی سٹی میں درخواست دی ہے کہ 24 اکتوبر کو علاقے کے تین پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ شہری نے بتایا کہ مارپیٹ کے نتیجے میں ان کا چہرہ لہولہان اور ہاتھ و ٹانگیں زخمی ہو گئیں۔
درخواست میں مزید الزام لگایا گیا کہ پولیس اہلکاروں نے کہا، “تمہیں رکنے کا اشارہ دیا گیا تھا، تم کیوں نہیں رکے؟” بعد ازاں اہلکاروں نے خواجہ ذیشان کو تھانہ بھاٹی گیٹ لے جا کر ان کا موبائل فون اور گاڑی کی چابیاں چھین لیں۔ بعد میں متاثرہ کی بھانجی اور اس کے شوہر نے تھانے پہنچ کر انہیں آزاد کرایا۔
خواجہ ذیشان نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولیس اہلکاروں نے گاڑی سے 3 ہزار آسٹریلوی ڈالر بھی لے لیے۔
دوسری جانب ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔