بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’تیری اوقات کیا ہے؟‘ نچلی ذات کے بھارتی نوجوان کو سالگرہ کے دن قتل کر دیا گیا

بھارت میں ایک دلت (نچلی ذات) نوجوان کو اس کی سالگرہ کے دن بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر ہلاک کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا کے علاقے ربوپورا میں نوجوان پر اس کے گھر کے باہر حملہ کیا گیا، جس میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

گریٹر نوئیڈا کے محلہ امبیڈکر میں غم اور کشیدگی کا ماحول اس وقت چھا گیا جب مذکورہ نوجوان کی لاش دوپہر کو سخت سیکیورٹی میں گھر لائی گئی۔

نچلی ذات سے تعلق رکھنے والا انکیت ایک مکینک اور ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا اور مبینہ طور پر 15 اکتوبر کی رات اس کی سالگرہ کے دن عین اس وقت جب وہ کیک کاٹ رہا تھا، اونچی ذات کے کچھ لوگوں نے اس پر حملہ کیا اور کہا کہ ’تیری اوقات کیا ہے؟‘

انکیت کے چچا کا کہنا ہے کہ وہ لوگ اسے کئی ہفتوں سے دھمکیاں دے رہے تھے۔

بی جے پی کے جیور کے ایم ایل اے دھریندر سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

بی ایس پی اور سماج وادی پارٹی کے مقامی رہنما بھی مقتول کے گھر پہنچے اور انہوں نے اس کے خاندان کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔