پیرس کے معروف پاکستانی نژاد فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو وطن میں مشکلات کا سامنا ہے، ان کی جائیداد پر قبضہ کر لیا گیا، ان کے اسپتال اور یتیم خانے کی جگہ پر قبضے ختم نہ ہوئے تو 90 روز کے اندر اپنے اعزازات ستارۂ امتیاز اور ہلال امتیاز واپس کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی ڈر گئے ہیں، یہی صورتِ حال رہی تو وہ پیسہ پاکستان نہیں بھیجیں گے۔
محمود بھٹی نے لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم محنت کر کے پاکستان پیسہ بھیجتے ہیں، جس اسپتال پر قبضہ کیا گیا اس اسپتال کا مین شیئر ہولڈر ہوں لیکن سی او نے اس پر قبضہ کر لیا، حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ میرے ساتھ زیادتی کا ازالہ کیا جائے۔
محمود بھٹی نے کہا کہ میں نے یتیم خانے کے لیے جگہ خریدی اس پر بھی قبضہ ہوچکا ہے، قانون کے مطابق 90 روز میں فیصلہ ہونا ہے لیکن 5 سال سے عدالتوں کے دھکے کھا رہا ہوں، اس ملک کا عدالتی نظام درست نہیں ہے، ہم اس ملک میں ایف آئی آر بھی درج نہیں کرا سکتے۔
فیشن ڈیزائنر کا کہنا ہے کہ میری زندگی کو خطرہ ہے لیکن میں ڈرتا نہیں ہوں، اس ملک میں انصاف ہو تو حالات بدل سکتے ہیں، مجھے انصاف نہ ملا تو پیسہ لے کر باہر چلا جاؤں گا۔









