مظفر آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف آج تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کا امکان ہے تاہم نئے قائد ایوان کیلئے تاحال حتمی نام سامنے نہیں آسکا۔
پاکستان پیپلز پارٹی نئے قائد ایوان کیلئے اپنا امیدوار سامنے لائے گی، مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی مرکزی قیادت کے فیصلے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے، نئے قائد ایوان کے انتخاب کے بعد مسلم لیگ ن اپوزیشن میں بیٹھے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چار ارکان اپوزیشن میں موجود ہیں، پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے 10 ارکان پیپلز پارٹی کے کیمپ میں بیٹھ گئے، پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس اب 27 ارکان موجود ہیں۔
آزاد کشمیر اسمبلی میں نئے قائد ایوان کیلئے سادہ اکثریت 27 درکار ہے، مسلم لیگ ن کے پاس 9 جبکہ انوارالحق کے کیمپ میں تاحال ارکان کی تعداد دس ہے، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔
وزیراعظم انوارالحق کے کیمپ سے بھی پیپلز پارٹی کو نئے قائد ایوان کیلئے ووٹ مل سکتے ہیں، وزیراعظم انوارالحق بھی تاحال تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، آزاد کشمیر کی سیاست میں آئندہ چند گھنٹے اہم قرار دیئے جا رہے ہیں۔









